مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر (این ایف آرسی سی) میں جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملک میں سیلابی صورتحال سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 70 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم ہورہے ہیں، سیلاب پر کوئی سیاست نہیں،متاثرین کے لیے ہم سب کام کررہے ہیں، فورم کے ذریعے سب کچھ کیاجارہاہے۔
انہوں نے بتایا کہ فصل کی بوائی کے لیے وفاقی حکومت نے صوبوں کیساتھ مل کر منصوبہ بنایا کہ ففٹی ففٹی کی بنیاد پر گندم کا بیج تقسیم کریں گے۔ آدھے اضلاع میں صوبہ اور آدھے میں وفاق دے گا، سندھ اور بلوچستان نے بیج لینے پر رضامندی ظاہر کی، مگر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے گزارش کے باوجود بیج لینے سے انکار کیا، آج پھر درخواست کررہا ہوں کہ بیج لیں، ہمیں اس پر سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر کے پی اور پنجاب بیج نہیں لینا چاہتے تو آپ کی مرضی ہے لیکن یہ مت کہیں کہ وفاق کچھ نہیں کر رہا، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش نہ کریں، قوم کو الجھن میں ڈالیں گے تو نقصان ہوگا، یہ کہا جارہا ہے کہ وفاقی حکومت نجی شعبے کو درآمد کی اجازت نہیں دے رہی، میں کسی کو درآمد کی اجازت نہیں دوں گا کہ کوئی اپنی مرضی کی قیمت پر درآمد کرلے، زرمبادلہ کے ذخائر بہت کم ہیں، ایمرجنسی حالات میں ایک ڈالر بھی فضول خرچ کرنے کے متحمل نہیں ہیں۔