تائیوان کے لیے امریکہ کی جانب سے اسلحہ پیکیج منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے چین کا کہنا ہے کہ امریکا تائیوان کو اسلحہ پیکیج منسوخ کرے یا جوابی اقدامات کے لیے تیار رہے.

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہے کہ امریکہ میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ اسلحہ پیکیج امریکہ چین تعلقات کو شدید خطرے میں ڈالے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حالات کی روشنی میں چین جائز اور ضروری جوابی اقدامات کرے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے تائیوان کے لیے 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں کا اعلان کیا ہے۔

امریکی اسلحہ پیکیج میں 66 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا ریڈار سسٹم بھی شامل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان 60 ہرپون بلاک ٹو میزائل کی خریداری پر 355 ملین ڈالر خرچ کرے گا، ہرپون بلاک ٹو میزائل کے ذریعے سمندر کے راستے کسی بھی حملے کو ناکام بنایا جاسکے گا۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسلحہ پیکیج میں 856 ملین ڈالر کے 100 سے زائد سائیڈونڈر میزائل بھی شامل ہیں