مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستان کے شہر کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر سندھ حکومت نے آج تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی وجہ سے محکمہ تعلیم کو چھٹی دینے کی ہدایت دی۔ وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کراچی میں آج جمعرات 18 اگست کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
حیدرآباد میں بھی آج عام تعطیل کا اعلان
حیدرآباد میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد جمعرات کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ کراچی کے زیادہ بارش والے اضلاع میں بھی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر فواد سومرو نے کہا ہے کہ شہر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز کل بند رہیں گے۔
دریں اثناء آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی نے آج تمام نجی اسکولز اور کالجز میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر کل کراچی سمیت سندھ بھر کے وہ اضلاع جہاں بارش بہت زیادہ ہوئی ہے، تمام پرائیویٹ اسکولز اور کالجز جمعرات کو بند رہیں گے۔