ایران کے صدر نے اربعین کے زائرین کے لئے لازم تمام تمہیدات اور انتظامات کے پیشگی بندوست کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے کہا کہ تمام تر عوامی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے اس سمت میں سرگرم عمل رہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے کابینہ کے جلسے میں اربعین کے عظیم الشان عوامی اجتماع میں عوامی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام سرکاری ادارے عوام کی اربعین میں شرکت کو آسان بنانے کے لئے اپنے فرائض پر پوری قوت کے ساتھ عمل پیرا رہیں اور عوامی رضاکار اداروں کو اپنا مددگار سمجھیں۔  

سید ابراہیم رئیسی نے تمام ضروری انتظامات کی پیشگی طور پر بندوست کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اربعین کا اجتماع عظیم الشان طریقے سے منعقد ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ تمام ادارے اربعین کی زیارت کے لئے سہولیات پہنچانے کے لئے جہادی انداز میں سر گرم عمل رہیں خواہ یہ کام عراق کے ساتھ سفارتی مشاورت کی صورت میں ہو یا ضروری انتظامات کا بندوبست ہو۔ 

انہوں نے اس ضمن میں تمام صوبوں کی انتظامیہ کو حکم دیا کہ صوبائی سطح پر سرگرم عوامی اور جہادی گروہوں کی حمایت اور ان سے تعاون کرتے ہوئے اربعین کے سلسلے میں ان گروہوں کی عظیم صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں۔