مہر نیوز ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستان کے شہر میں موسلا دھار بارشوں کے بعد ندیوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ، گڈاپ لٹھ ندی سے نکلنے والے پانی کے تیز ریلے میں 3 افراد بہہ گئے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ پانی کے ریلے میں بہنے والے افراد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے ، ریلے میں بہہ جانے والے ایک شخص کو بچالیا گیا ، لاپتہ 2 افراد کی تلاش جاری ہے ، اندھیرے کی وجہ دے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
میمن گوٹھ ملیر ندی میں طیغانی کے باعث پانی کا ریلے سے لنک روڈ زیر آب آگئی جس کے باعث پولیس نے نیشنل ہائی وے کو سپر ہائی وے سے ملانے والی لنک روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ، لنک روڈ بند ہونے سے ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
دریں اثنا سپر ہائی وے ناردرن بائی پاس کے قریب پانی کے ریلے میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں ، اس حوالے سے ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایدھی کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور سخت جدوجہد کے بعد پانی میں پھنسے ہوئے شہریوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی کے ریلے میں کئی گاڑیاں بھی ڈوب گئیں جبکہ اس صورتحال کے باعث سپر ہائی وے کراچی سے حیدر آباد جانے والے راستے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔
گڈاپ لٹھ ندی میں ڈوبنے والے 2 افراد کے حوالے سے علاقہ مکین راجہ نے بتایا کہ ڈوب کر لاپتہ ہونے والے دونوں افراد باپ اور بیٹا بتائے جاتے ہیں۔