مہر خبررساں ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس اور چین نے سکیورٹی کونسل میں شمالی کوریا کے خلاف امریکی پابندیوں کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔
اطلاعات کے مطابق امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پرنئی پابندیاں عائد کرنے کی قرارداد چین اورروس نے ویٹو کردی۔ امریکہ نےنئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تجربوں کو جواز بنا کرشمالی کوریا کوتیل کی فروخت پرپابندی کی قرارد سلامتی کونسل میں پیش کی تھی جسے روس اورچین نے ویٹو کردیا۔
قرارداد کی منظوری کے لئے 9 ووٹ اورسلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی جانب سے کوئی بھی ویٹو نہیں درکار تھے۔ سلامتی کونسل کے 13 ارکان نے امریکی قرارداد پیش کرنے کی حمایت کی تھی۔
مستقل ارکان کی جانب سے ویٹو کا حق 15 سال بعد استعمال کیا گیا ہے۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی جانب سے آخری مرتبہ کسی قرارداد کو2006 میں ویٹو کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان میں امریکہ، روس ، چین ، برطانیہ اورفرانس شامل ہیں۔
شمالی کوریا رواں سال بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے 16 سے زائد تجربات کرچکا ہے، جس پر امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔