مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے سہ پہر کو الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی 17 ملین 926 ہزار اور 245 ووٹ لیکر ایران کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ نے انتخابات کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں تمام اداروں اور متعلقہ اہلکاروں کی زحمات کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کا شکر و سپاس ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں صاف اور شفاف انتخابات منعقد کرانے کی توفیق عطا کی۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں 59 ملین 310 ہزار اور 307 افراد ووٹ ڈالنے کے اہل تھے جن میں 28 ملین 933 ہزار اور 4 افراد نے ووٹنگ میں حصہ لیا ، جس کے نتیجے میں عوام کی مجموعی مشارکت 8۔48 فیصد رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 28 ملین 933 ہزار اور 4 ووٹوں میں سے آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی 17 ملین 926 ہزار اور 245 ووٹ لیکر ایران کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
دیگر صدارتی امیدواروں کے ووٹوں کی تعداد مندرجہ ذيل ہیں۔
محسن رضائی : 3 ملین 412 ہزار 712 ووٹ
عبدالناصر ہمتی : 2 ملین 427 ہزار 201 ووٹ
سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی : 999 ہزار 718 ووٹ
ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کسی امیدوار کو کوئی شکایت ہو تو وہ اسناد اور مدارک کے ساتھ 10 دنوں میں پیش کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات میں کوئي اسی خلاف ورزی نہیں ہوئی جو انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہوسکے۔