مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ محمد جواد ظریف نے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اور آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین اور اپنے حقوق کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے غزہ میں اسرائیل کے بھیانک اور سنگین جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اسرائیل کے حامی ہیں وہ اسرائیل کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ اسرائيلی حکومت بچوں ، عورتوں اور بزرگوں کی قاتل حکومت ہے، جس نے ہمیشہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھل کر خلاف ورزی کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ فلسطین صرف ایک عربی اور اسلامی مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ گذشتہ دہائیوں میں فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیل مظالم ہوشربا اور انسانی وجدان پر سنگینی کئے ہوئے ہیں۔ عرب لیگ ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غاصب صہیونی حکومت کو عالمی انسانی قوانین کے مطابق قرار واقعی سزا دیں اور فلسطین و بیت المقدس کی آزادی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو اسلام کی بالا دستی برقرار رکھنے کے لئے اسرائیل اور اس کے حامی ممالک کے خلاف عملی اقدامات انجام دینے چاہییں اور امریکہ و اسرائيل کے زير نظر عالمی اداروں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران فلسطینیوں کی حمایت کو اپنا مذہبی، دینی ، اخلاقی اور انسانی فریضہ سمجھتا ہے اور ایران تمام اسلامی ممالک کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہتا ہے۔ اسلامی ممالک باہمی اتحاد کے ساتھ مسئلہ فلسطین اور دیگر مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ ہمیں فلسطینیوں کی عملی حمایت کے سلسلے میں اپنے تمام اختیارات اور طاقت و قوت سے بھر استفادہ کرنا چاہیے۔