عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی، حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ، فلسطینی تنظیم حماس ، روسی وزارت خارجہ، مقتدی صدر، عمار حکیم اور بعض دیگر عالمی رہنماؤں نے میجر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کو جنگی مجرم قراردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی، حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ، فلسطینی تنظیم حماس ، روسی وزارت خارجہ، مقتدی صدر، عمار حکیم اور بعض دیگر عالمی رہنماؤں نے میجر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کو جنگی مجرم قراردیا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے سپاہ قدس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے نائب سر براہ ابو مہدی مہندے پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ عالمی سطح پر عالمی قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے ایسے اہم افراد پر بزدلانہ حملہ کیا ہے جنھوں نے عراق اور شام میں داعش کی شکست میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے عراقی قوانین اور دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے کی صریح خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔

ادھر حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ  میجر جنرل قاسم سلیمانی اپنی دیرینہ آرزو تک پہنچ گئے اور اللہ تعالی نے شہادت کی پاداش عطا کرکے انھیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے سرافراز اور سربلند کردیا ہے۔ اور اسلامی مزاحمت امریکہ سے سخت انتقام لےگا۔

عراق کے ممتاز عالم دین مقتدی صدر اور عمار حکیم نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں میجر جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار رکتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو شہید ابو مہدی مہندس اور میجر جنرل قاسم سلیمانی پر بہیمانہ اور مجرمانہ حملے کا تاوان ادا کرنا پڑےگا۔ امریکہ نے خطے میں نئی جنگ کا آغاز کردیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے بھی امریکی حملے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجرجنرل سلیمانی اپنے ملکی اور قومی دفاع میں مصروف تھے روسی وزارت خارجہ نے ایرانی قوم اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

فلسطینی تنظیم حماس نے بھی میجر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکہ کے مجرامہ حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو مجرمانہ فعل کا سخت جواب دیا جائےگا۔