مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کینیڈا کے شہر فورٹ میک مرے کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ، شہر کے بعض حصے راکھ میں تبدیل ہو گئے جبکہ شہریوں کے انخلاءمیں شدید مشکلات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کینیڈا کے شہر فورٹ میک مرے کو خالی کروانے کے واحد زمینی قافلے کو سڑک پر 200 فٹ تک بلند آگ کے شعلوں سے مزاحمت کا سامنا ہے۔شہر کے بعض حصے رواں ہفتے پھیل جانے والی جنگل کی آگ کی زد میں آ کر تباہ ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق آنے والے 24 گھنٹوں میں یہ آگ دوگنا ہو جائے گی۔شہریوں کو اپنے مکانات خالی کر دینے کے لیے کہا گیا ہے جبکہ بعض کو طیاروں کی مدد سے نکالا گیا ہے۔ جمعہ کو 5500 افراد کو نکالا گیا جبکہ ہفتے کو مزید 4000 افراد کو نکالا جانا ہے۔اب تک 300 سے زیادہ پروازوں کے ذریعے فورٹ میک مرے سے ہزاروں افراد کو صوبائی دارالحکومت ایڈمونٹن پہنچایا گیا ہے۔پولیس کی نگرانی میں ڈیڑھ ہزار گاڑیوں کے قافلے کو شہر کے جنوبی حصے سے گزرنا تھا لیکن جمعے کی شام اسے شعلوں کے سبب ایک گھنٹے تک رکنا پڑا۔شہر میں املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
البرٹا کی صوبائی حکومت نے ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے شہر چھوڑنے والوں کے لیے دس کروڑ کینیڈین ڈالر کی رقم کا وعدہ کیا ہے۔