مہر خبررساں ایجنسی نے امریکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی اخبارنیویارک ٹائمز نے سینئر امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے پاکستان کو 8 نئے ایف 16 طیارے دینے کی تیاری کرلی ہے۔ اس حوالے سے صدرباراک اوباما اور نوازشریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔ پاکستان کو نئے ایف 16 طیارے فراہم کرنے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت 70 سے زائد ایف 16 طیارے موجود ہیں اورمزید 8 طیاروں نے پاکستان کی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ ہو جائے گا تاہم امریکی ایوان نمائندگان میں موجود موثر بھارت نواز لابی کی جانب سے معاہدے کی مخالفت کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب امریکہ میں موجود وزیراعظم نواز شریف نے امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امورکمیٹی سے ملاقات کی، وفد کی قیادت کمیٹی کے چیرمین ایڈرائس نے کی جب کہ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز، وزیرخزانہ اسحاق ڈاراوروزیردفاع خواجہ آصف ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور اور دفاعی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات بھی کی تھی جس میں انھیں پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت فراہم کئے گئے تھے.