پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہندوستان سے بات چیت میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہوگا اور مسئلہ کشمیر کے بغیر ہندوستان سے مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا  ہے کہ ہندوستان سے بات چیت میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہوگا اور مسئلہ کشمیر کے بغیر ہندوستان سے مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کا مقصد جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت دو طرفہ اورعلاقائی دلچسپی کے تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تعمیری رابطہ قائم کرنا تھا،خطے میں امن برقرار رکھنا دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امن کو ایک موقع دینے کی غرض سے تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے حوالے سے طریقہ کار طے کرنے کیلئے ٹریک ٹو سفارتکاری کی بحالی پراتفاق کیا ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات تعلقات کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی تاہم مسئلہ کشمیر کے بغیر ہندوستان سے مذاکرات ممکن نہیں اور ہندوستان سے بات چیت میں کشمیر کا مسئلہ سرفہرست ہوگا۔