مہر خبررساں ایجنسی نے امریکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کولمبیا میں ایک نجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں اس میں سوار خاتون اور اس کا بیٹا نہ صرف حادثے میں بچ گئے بلکہ 5 دن جنگل میں گزارنے کے بعد بھی زندہ رہے۔ اطلاعات کے مطابق 18 سالہ خاتون ماریہ نیلی موریلو اپنے ایک سال کے بیٹے کے ساتھ اپنے نجی چھوٹے سیسنا طیارے پر جنگل کے اوپر سے گزررہی تھی کہ ان کا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا۔ کولمبیا ایئر فورس حکام کے مطابق 2 انجن والا یہ طیارہ ناریل اور مچھلیاں لے کر روانہ ہوا اور اپنی پرواز کے 20 منٹ بعد ہی اس کا رابطہ سول ایوی ایشن حکام سے منقطع ہوگیا جس پر فوری طورطیارے کی تلاش کے لے جہاز روانہ کردیا گیا۔
حکام کے مطابق 2 دن کی تلاش کے بعد طیارے کا ملبہ نظر آیا اورفوری طور پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، طیارہ حادثے میں پائلٹ تو ہلاک ہوگیا لیکن خاتون اور اس کا بیٹا معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ 2 دن کی تلاش کے بعد دونوں ماں بیٹے کو طیارے کے ملبے سے صرف 500 میٹر دور دیکھا گیا جہاں وہ زندہ موجود تھے تاہم حادثے میں خاتون کو معمولی خراشیں آئیں لیکن بچے کو کوئی خراش بھی نہ آئی۔
متاثرہ خاتون کے مطابق حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی جس کے باعث وہ بڑی مشکلوں سے کیبن سے نکل پائیں اور بچے کو بھی نکالنے میں کامیاب ہوگئیں تاہم اس دوران ان کا چہرہ معمولی جھلس گیا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ لاؤڈ اسپیکر پر ریسکیو ٹیم کا اعلان سن کر وہ واپس طیارے کے ملبے کےپاس پہنچی اور ٹیم کو دیکھ کر اسے لگا کہ اسے جیسے دوبارہ زندگی مل گئی ہو۔