مہر خبررساں ایجنسی نے کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جن کے مطابق جموں کشمیر نیشنل کانفرنس پارٹی 28 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت کے طور سامنے آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس نے ستاسی میں سے اٹھائیس نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اکیس نشستوں کے ساتھ دوسرے اور انڈین نیشنل کانگریس سترہ نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی نے گیارہ جبکہ دیگر جماعتوں نے دس نشتیں جیتی ہیں۔
ہندوستان نواز بڑی جماعتوں نیشنل کانفرنس، کانگریس آئی اور پی ڈی پی کے تمام اہم رہنماؤں نے چناؤ جیت لیا ہے اور تین سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ، مفتی محمد سعید اور غلام نبی آزاد ووٹوں کے بھاری فرق سے کامیاب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے صدر عمرعبداللہ، پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی اور کانگریس کے سابق صدر پیرزادہ محمد سعید نے بھی اپنے اپنے حلقے سے انتخاب جیت لیا ہے۔ واضح رہے کہ ستاسی رُکنی کشمیر اسمبلی میں حکومت بنانے کے لئے کسی پارٹی یا کسی سیاسی اتحاد کے پاس کم از کم چوالیس ممبران کا ہونا ضروری ہے۔
آپ کا تبصرہ