مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح ایرانی نجی صنعتی شعبے کی تازہ ترین کامیابیوں اور ترقی کے حوالے سے منعقد ہونے والی نمائش کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر رہبر انقلاب نے کہا کہ حکومت کو نجی شعبے کی ضروریات پوری کرنا چاہئے کیونکہ ملک کی ترقی میں نجی شعبے کا کردار ناقابل انکار ہے۔ نجی شعبے کو مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کرنا ہوگا۔ ملک کی ترقی کا واحد راستہ نجی شعبے سے استفادہ ہے۔
انہوں نے وزیر توانائی کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے نجی شعبے کی مشکلات دور کرنے کے لئے پیش کردہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نجی شعبے کا لائسنس کے اجراء کے عمل میں موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور لائسنس کے اجراء کا عمل مزید تیز کیا جائے۔
نمائش کے دوران نجی شعبے کے مختلف شعبوں میں کامیابیوں کو منظر عام پر لایا گیا جن میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ بنانے کے آلات، مصنوعی ذہانت، ہوائی جہاز کی مرمت کے آلات، معدنیات اور جیالوجی، تیل و گیس اور پیٹرولیم کی صنعت، فولاد اور ایلمونیئم، گھریلو سامان، سمندری صنعت، قالین، پانی و بجلی، ٹیکسٹائل کی صنعت، طبی آلات اور سہولتیں، دوا سازی، زرعی اور لائیو اسٹاک مصنوعات اور دستکاری و سیاحت شامل ہیں۔