غزہ میں آج جنگ بندی ہورہی ہے جس کے تحت پہلے دن متعدد علاقوں سے صہیونی فوج عقب نشینی کرے گی اور 600 ٹرک امدادی سامان روانہ کیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ جنگ بندی کے پہلے دن مقامی وقت کے مطابق صبح 8:30 بجے اسرائیلی فوجی رہائشی علاقوں سے پیچھے ہٹنا شروع کریں گے۔ یہ انخلاء غزہ کے جنوبی شہر رفح اور شمالی علاقے سمیت دیگر مقامات سے ہوگا۔

اسی دن اسرائیلی جنگی طیارے غزہ کے اوپر 12 گھنٹوں کے لیے پرواز نہیں کریں گے۔ فلسطینی پناہ گزین سرحدی علاقوں اور فلاڈلفیا محور کے سوا رفح شہر واپس جا سکیں گے جبکہ جو پناہ گزین جنوبی غزہ میں ہیں، وہ ابھی تک شمالی علاقوں میں واپس نہیں جا سکیں گے۔

مزید برآں رفح گذرگاہ کے ذریعے انسان دوست امداد کی فراہمی کا عمل شروع ہوگا، اور روزانہ اوسطاً 600 ٹرک امدادی سامان پہنچیں گے جن میں خوراک اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہوں گی۔

مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے قیدیوں کے تبادلے کا عمل شروع ہوگا۔ فلسطینی تنظیمیں تین اسرائیلی قیدیوں کو عالمی ریڈ کراس کے حوالے کریں گی جن کے بدلے میں 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ریڈ کراس کے تصدیق کے بعد اسرائیلی حکام 90 فلسطینی قیدیوں کو شیکما اور عوفر جیلوں سے رہا کریں گے۔