یمنی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت جنگ بندی پر مکمل علمدرامد کرنے تک اسرائیل پر حملے جاری رہیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مقاومتی تنظیم انصاراللہ یمن کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ یمنی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ کے خلاف مظالم ختم نہ ہوں اور اسرائیل جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری نہ کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر صیہونی حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہوئی تو یمن مقاومتی تنظیم کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ حملے جاری رکھے گا۔

البخیتی نے مزید کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے نفاذ سے قبل اسرائیل نے آخری لمحات میں مظالم کی شدت بڑھائی اور مزید جرائم کا ارتکاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں معاہدے کا مطلب جنگ کا خاتمہ نہیں بلکہ عارضی بندش ہے اور معاہدے سے ہماری وابستگی اسرائیل کی طرف سے مکمل عملدرامد سے مشروط ہے۔

انہوں نے اسرائیل پر معاہدوں سے انحراف کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم کسی صورت اسرائیل کو معاہدے کی شقوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

محمد البخیتی نے کہا کہ یمنی مقاومت نے صہیونی حکومت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انصاراللہ نے صیہونی حکومت اور اس کے سرپرست امریکہ کے غرور کو توڑ دیا ہے۔ ہم مستقبل میں کسی بھی جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔