ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے درمیان جامع اسٹریٹجک معاہدہ مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کی بنیاد بنے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صدر مسعود پزشکیان نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران صدر پزشکیان نے روسی ہم منصب کو رہبر معظم کا پیغام پہنچایا اور کہا سفر سے قبل میں نے رہبر معظم انقلاب سے ملاقات کی۔ انہوں نے آپ کے لیے خصوصی سلام بھیجا اور تاکید کی کہ ہمارے دوست اور برادر ملک روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرے بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے ہمارے تعلقات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔ تجارتی، ثقافتی اور اقتصادی میدانوں میں تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم برسوں سے جامع اسٹریٹجک منصوبے پر کام کر رہے ہیں، اور آج اس معاہدے پر دستخط ہوگا۔ ہم نے پچھلے معاہدوں پر عمل درآمد کے تمام ممکنہ رکاوٹوں کو دور کر لیا ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ان تمام معاہدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوہری توانائی کا منصوبہ معاہدے کا حصہ ہے اور اس پر عمدہ پیش رفت ہو رہی ہے۔ آج کے اجلاس میں اس حوالے سے معاہدے کیے جائیں گے اور ان پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب ایران اور روس کے تعلقات پر خصوصی نظر رکھتے ہیں۔ جو کچھ میں نے بیان کیا، وہ ان کی ہدایات کا حصہ ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ یقینا خطے کے ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون بڑھنے سے دشمنوں کے منصوبے ناکام ہوں گے۔