غزہ میں حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے بعد عالمی سطح پر مختلف اداروں اور ممالک نے خیر مقدم کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کے لئے مذاکرات کے کئی دور ہونے کے بعد کل رات جنگ بندی ہوگئی ہے۔ عالمی سطح پر مختلف ممالک اور اداروں نے جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ضروری ہے کہ یہ جنگ بندی ان سیکیورٹی اور سیاسی رکاوٹوں کو دور کرے جو غزہ کے تمام علاقوں تک امداد کی فراہمی میں حائل ہیں۔ تاکہ انسانی امداد کو وسیع پیمانے پر بڑھایا جاسکے اور زندگی بچانے والے فوری اقدامات کیے جاسکیں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق فولکر ترک نے غزہ میں جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے اعلان پر گہری مسرت کا اظہار کیا اور اس کی پائیداری کی اہمیت پر زور دیا۔

یورپی کمیشن کی صدر اورسولا فونڈیر لائن نے اسرائیل اور حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کریں۔ یہ معاہدہ خطے میں مستقل استحکام اور تنازع کے سفارتی حل کے لیے ایک پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی صدر مریانا اسپولیاریچ نے اعلان کیا کہ تنظیم غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد، قیدیوں کے تبادلے کو آسان بنانے اور غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فراہمی میں مدد کے لیے تیار ہے۔

اردن نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس معاہدے کی حمایت اور اس کا استقبال کرتے ہیں۔

مصری صدارت نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم قطر اور امریکہ کے ساتھ مل کر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ دونوں فریق معاہدے کے تمام مراحل کو مکمل طور پر نافذ کریں۔

برطانیہ نے کہا کہ ہم جنگ بندی میں مصر، قطر اور امریکہ کے کردار کی تعریف کرتے ہیں۔ ان ممالک نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی حمایت کے لیے ادا کیا۔

لبنان کے عبوری وزیراعظم نجیب میقاتی نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ بندی فلسطینی عوام کی خونریز تاریخ کے اس باب کو بند کردے گی جو اسرائیل نے رقم کیا۔

امریکی وزیر دفاع لوئیڈ آسٹن نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہیے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ معاہدہ اسرائیل کی وحشیانہ جنگ کے مکمل خاتمے کا سبب بنے گا۔

عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ابوظہبی غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی حمایت کرتا ہے۔