عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم السودانی کا دورہ تہران تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی وزیراعظم نے ایران کا دورہ کرکے رہبر معظم اور صدر پزشکیان سمیت دیگر اعلی حکام سے ملاقات کی۔

عراقی اعلی رہنما نے تہران میں ایرانی اعلی حکام کے ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر مذاکرات کیے۔

عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کے ایران کے دورے کو ایک اہم اور تاریخی دورہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا اہم مقصد خطے میں موجودہ حالات خاص طور شام کے معاملات پر ایرانی رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کرنا تھا تاکہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ساتھ اپنے مفادات کا تحفظ کرسکیں۔

العوادی نے زور دیا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں اور یادداشتوں پر توجہ دینا بے حد ضروری ہے۔

السودانی نے اس دورے کے دوران رہبر معظم انقلاب، صدر پزشکیان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سے بھی ملاقات کی تھی۔