جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 181 افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔

حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک مصروف اور اہم ہوائی اڈہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار مسافر طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔ طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی گئی۔

حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ مسافروں کی فہرست اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل جاری ہے۔ حکام نے ایئرلائنز کو حفاظتی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔