مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ کے مدرسہ امام خمینی (رہ) کے قدس آڈیٹوریم میں شہدائے اسلام، بالخصوص شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس، شہید سید حسن نصر اللہ اور فلسطین و لبنان کے حالیہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا۔ اس تقریب میں 1000 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں انگریزی زبان بولنے والے طلباء، علماء، اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز پاکستان کے برادر روح اللہ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد فلپائن سے شیخ مستورہ نے دعائے توسل کی روح پرور تلاوت کی۔ انڈونیشیا، نائیجیریا اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے مقررین نے انقلابی شاعری پیش کی۔
برطانیہ کے برادر ایم علی اراکی کی میزبانی میں ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوا، جس میں عالمی اور علاقائی مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔ پینل میں سید آغا علی رضا، شیخ جعفر لدک، شیخ علی قمی، اور سید شہریار نقوی شامل تھے۔
آیت اللہ محسن اراکی نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے مؤمنین کی ذمہ داریوں پر زور دیا اور علماء و طلباء کے کردار پر روشنی ڈالی۔
بچوں نے "نسل آرمانی 2" اور "سلام فرماندہ" کے ترانے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے دل کھول کر سراہا۔خواتین کو یوم مادر کے موقع پر خصوصی تحائف پیش کیے گئے، جبکہ بچوں کو گفٹ بیگز دیے گئے۔ شہید قاسم سلیمانی، سید حسن نصراللہ، اور رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای کی تقاریر اور ویڈیوز انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ پیش کی گئیں۔فلسطین اور لبنان کے مظلومین کے لیے امدادی فنڈز جمع کرنے کی مہم بھی چلائی گئی۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام قم کے انگریزی زبان بولنے والے طلباء کی تنظیم "اسٹوڈنٹس آف قم" (SoQ) کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔ تنظیم کا مقصد اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا بھر میں، بالخصوص انگریزی زبان بولنے والے معاشروں تک پہنچانا ہے۔