اسپین کے وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین کو خودمختار ریاست تسلیم کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی جارحیت میں اضافے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے بعد عالمی سطح پر فلسطین کو تسلیم کرنے کے مطالبات میں اضافہ ہورہا ہے۔

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے دنیا کے ممالک سے مطالبہ کی اہے کہ فلسطین کو ایک مستقل اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کریں۔

مراکش میں بین الاقوامی سوشلزم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کے قبضے کو ختم کیا جانا چاہیے اور فلسطینی عوام کو اجازت دی جانی چاہیے کہ وہ مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بناتے ہوئے اپنی آزاد ریاست قائم کریں۔

انہوں نے فلسطینیوں کی ناکہ بندی اور فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور بحرانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری سے تعاون کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ اسپین ان ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے رواں سال باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کرتے ہوئے اس اقدام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور امن کے قیام کے لیے ایک قدم قرار دیا تھا۔ اسپین، آئرلینڈ اور ناروے جیسے یورپی ممالک کے اس اقدام نے اسرائیلی حکام کے غصے کو بھڑکا دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے 144 رکن ممالک فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں اور فلسطین کے 95 ممالک میں سفارت خانے اور نمائندگی موجود ہے۔