پاکستانی سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا اپنی ٹیم کو بھی پیغام ہے آخری بال تک لڑیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے کارکنان کو سلام جو اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے، پرامن احتجاج میں شامل ہیں اور ملک پر مسلط مافیا کے سامنے اپنے مطالبات اور حقیقی آزادی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا اپنی ٹیم کو بھی پیغام ہے آخری بال تک لڑیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا بھی شکریہ جو ناصرف پاکستان میں موبلائزیشن کر رہے ہیں، فنڈز بھیج رہے ہیں بلکہ اپنے اپنے ملکوں میں بھی تاریخی مظاہرے کیے۔

سابق وزیراعظم نے اپنے سوشل میڈیا کارکنوں کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا وارئیرز بھی دنیا بھر میں ہمارے مطالبات اور پاکستان میں جاری ظلم و ستم کی بھرپور کوریج جاری رکھیں۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ مجھے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کی دھمکیاں دینے والوں کے لیے پیغام ہے کہ جو کرنا ہے کر لو میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جو اب تک نہیں پہنچ پائے وہ بھی ڈی چوک پہنچیں، مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی پرامن رہیں، متحد رہیں اور ڈٹے رہیں جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے۔