صہیونی حکومت کی جانب سے عراق کو دھمکی آمیز پیغامات کے بعد عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے صہیونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیل عراق میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہا ہے۔

صہیونی اخبار معاریو نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ نتن یاہو حکومت عراق میں مقاومتی گروہوں کے ٹھکانوں پر حملے کا منصوبہ بنارہی ہے۔

صہیونی منصوبہ منظر عام پر آنے کے بعد عراقی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کی سربراہ، او آئی سی اور عرب لیگ کو خط کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کے معاون حسام زکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق کی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کے مشورے کے بعد اجلاس کل بلایا جائے گا جس میں صہیونی حکومت کے دھمکی آمیز اقدامات سے خطے کو لاحق خطرات کے بارے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔