تہران کے امام جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز کی ایران مخالف قرارداد قاتل صیہونی حکومت کی اندھی پیروی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے امام جمعہ آیت اللہ خاتمی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایران مخالف قرارداد میں مضحکہ خیز دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے انسانی حقوق کا احترام نہیں کیا ہے۔ 
 یہ قرارداد ایک ایسے ملک کے خلاف پاس کی گئی ہے جو فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کرتا ہے۔ 

 انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کی ایران کے خلاف قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فعال خارجہ پالیسی اس قرارداد کا بھرپور جواب دے گی۔ 

انہوں نے تاکید کی کہ اس قرارداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایجنسی کا بورڈ آف گورنرز مجرم صیہونی حکومت کی اندھی پیروی کرتا ہے۔

امام جمعہ تہران نے امریکی صدارتی انتخابات  سے متعلق ایران کے مؤقف کے بارے میں کہا: امریکی انتخابات تہران کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتے چاہے ڈیموکریٹ اقتدار میں آئیں یا ریپبلکنز، ہمارے لیے اہم بات یہ ہے کہ ایران نہ تو ظلم کرتا ہے اور نہ ہی ظلم سہتا ہے جب کہ امریکہ ظالم ہے۔ 

آیت اللہ خاتمی نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کرنا کھلی بربریت ہے کہ جس میں غزہ میں ایک سال کے دوران 44000 افراد کے قتل عام کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے واضح کیا: امریکی اپنے کرتوتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مجرم قرار پائے ہیں چاہے وہ ڈیموکریٹ ہوں یا ریپبلکنز اور ان کی یہی سفاکیت ایران کے عوام سمیت دنیا کی ان سے نفرت کی بنیادی وجہ ہے۔