حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف مقامات میں صہیونی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ نے صہیونی فوجی تنصیبات پر دوبارہ میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ہفتے کی صبح سے اتوار کی صبح تک حزب اللہ نے مجموعی طور پر 130 میزائل اور 5 ڈرون حملے کیے ہیں۔

حملوں کے بعد حیفا اور عکا میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر 6 صہیونیوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

حیفا سے ذرائع نے کہا ہے کہ حملوں کی وجہ سے زوردار دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ حیفا میں بجلی کا نظام معطل ہوگیا اور پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔

صہیونی حکومتی ذرائع نے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی میزائلوں کو دفاعی سسٹم نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔

صہیونی چینل 14 نے کہا ہے کہ حیفا کے علاقے الکرمل میں حزب اللہ کے میزائل حملوں کی وجہ سے مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری طرف حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرحدی قصبے شمع میں مجاہدین نے حملہ کرکے صہیونی فوج کا ایک میرکاوا ٹینک تباہ کردیا ہے۔ حملے میں ٹینک میں سوار فوجی بھی ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔