ہزاروں صییونی آباد کاروں نے مظاہرے کرکے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی انتہائی دائیں بازو کی کابینہ کے خلاف احتجاج کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی نیوز ایجنسی سما کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں متعدد صیہونیوں کو یرغمال بنائے جانے کے 400ویں دن کے موقع پر ہزاروں صہیونیوں نے تل ابیب میں نیتن یاہو کے خلاف مظاہرہ کیا۔

صیہونی قیدیوں کے اہل خانہ نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے دوران غزہ کی مزاحمت کے زیر حراست قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے میں ناکامی پر نیتن یاہو انتظامیہ سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے شدید نعرے لگائے۔

انہوں نے نیتن یاہو کو قیدیوں کی آزادی کے لئے مذاکرت کے بجائے اپنے مجرمانہ سیاسی ایجنڈوں کو آگے بڑھانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی سیاسی فائدے کے لیے غزہ جنگ کو ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہیں۔

مظاہرین نے غزہ جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ کی مزاحمت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرے۔

اس دوران اسرائیلی پولیس نے مظاہرے میں شریک پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔