مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور کیوبا نے اقتصادی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں ایرانی وزیر مواصلات و ٹیکنالوجی میزبان ملک کے صدر سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر ٹیکنالوجی و مواصلات سید ستار ہاشمی نے کہا کہ ہم نے جدید ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کے سازوسامان اور ٹیلی کمیونیکیشن مصنوعات کی تیاری اور سائبر سیکیورٹی جیسے مسائل میں قیمتی تجربہ حاصل کیا ہے۔ ہم اپنے تمام تجربات کیوبا جیسے دوست ملک کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور مسئلہ جس پر بات ہوئی وہ مصنوعی ذہانت ہے۔ اس سلسلے میں آپ کی حکومت کی طرف سے تیار کردہ دستاویز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران اس شعبے میں بھی اپنے تجربات کیوبا کو منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیر مواصلات و ٹیکنالوجی نے ایران میں ٹیلی کمیونیکیشن آلات کی لوکلائزیشن اور پیداوار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان آلات کی تیاری سے جرائر غرب الہیند کے ممالک کو برآمدات کے امکانات بڑھیں گے۔
انہوں نے امریکی سامراج کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرنے پر کیوبا کی حکومت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میں فسلطینیوں کی نسل کشی امریکی سامراج کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ایران اور کیوبا اس حوالے سے مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
اس موقع پر کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز برموڈز نے تہران اور ہوانا کے درمیان دوستانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے امریکہ مخالف یکساں موقف کی وجہ سے امریکہ غیر منصفانہ پابندیاں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے بھی ایران اور کیوبا کا موقف یکساں اور واضح ہے۔