صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ بیرونی دنیا کے ساتھ مذاکرات میں عوامی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لئے تمام آپشنز استعمال کریں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر پزشکیان نے بیرونی ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کے دوران بیرونی ممالک کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے روس اور ترکمانستان کے ساتھ باہمی تعاون کے حوالے سے کہا کہ مختلف ممالک کے ساتھ مذاکرات کے دوران تمام آپشنز کو استعمال کریں گے تاکہ عوامی اور ملکی مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

صدر نے کہا کہ ہم ابتدا میں ملک میں موجود وسائل کی شناسائی کریں گے اس کے بعد جدید منصوبے شروع کریں گے۔ آج ملک میں کئی منصوبے نامکمل ہیں جن کو تکمیل تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اجلاس میں وزیر تیل محسن پاک نژاد، وزیر توانائی عباس علی آبادی اور ایٹمی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی نے توانائی کے شعبے میں ملکی حالات پر کابینہ کو بریفنگ دی۔