مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالطی اور قطری وزیر خارجہ شیخ عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے غزہ کی پٹی اور لبنان میں جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

مہر نیوز کے مطابق چینی نیوز ایجنسی ژنہوا نے مصری وزارت خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ منگل کو ہونے والی ایک ٹیلی فونک بات چیت کے دوران مصر اور قطر کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی محفوظ ترسیل کو آسان بنانے کے لیے اپنے ممالک کی مشترکہ کوششوں پر بات کی۔

دونوں وزراء نے لبنان کی تازہ ترین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے لبنانی عوام کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران خطے میں جاری تنازعات کو روکنے کی کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں حماس کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور صیہونی رجیم کی وحشیانہ جارحیت کے بعد سے مصر، قطر اور امریکہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کر رہے ہیں۔

گزشتہ مہینوں کے دوران دوحہ اور قاہرہ میں اس سلسلے میں مذاکرات کے کئی دور ہوئے لیکن سال بھر سے جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوئی سنجیدہ معاہدہ کرنے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ امریکی حمایت سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ہزاروں فلسطینی اور لبنانی نہتے شہری شہید ہوچکے ہیں۔