مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ترکمان صدر سردار بردی محمد اف کی دعوت پر ترکمانستان کے تاریخی شاعر مختوم قلی فراقی کی 300ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے ترکمانستان چلے گئے ہیں۔
اشک آباد روانگی سے پہلے صدر پزشکیان نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانا ہماری خصوصی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشک آباد میں دیگر امور کے ساتھ میزبان ملک، روس اور ازبکستان کے سربراہان مملکت کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوں گی جو ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکمانستان کے درمیان طویل سرحد ہے جس کو شمال ـ جنوب کوریڈور کو مزید موثر بنانے میں استعمال کرسکتے ہیں۔
دونوں ممالک گیس، تیل اور بجلی جیسے توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھاسکتے ہیں۔ اس سفر کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون بڑھے گا۔
ایرانی صدر ترکمان شاعر مختوم قلی فراقی کی 300 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کریں گے۔
ترکمانستان میں ہر سال اس موقع پر جشن منایا جاتا ہے۔ فراقی ایرانی صوبے گلستان میں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے ترکمان زبان میں اشعار پڑھے جو کہ ایران اور ترکمانستان کے درمیان دیرینہ ثقافتی تعلقات کی علامت ہے۔