مہر خبررساں ایجنسی نے قدس الاخباریہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مقاومت اسلامی عراق نے صہیونی فوج پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
عراقی مقاومت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کو علی الصبح مقبوضہ فلسطین میں صہیونی گولان بریگیڈ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ صہیونی دفاعی نظام حملہ آور ڈرون کو گرانے میں ناکام رہا۔
دوسری جانب صہیونی میڈیا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے بیسان میں ڈرون کو گرانے کی کوشش کی گئی تاہم کامیابی نہ مل سکی۔
اس سے پہلے اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت نے کہا تھا کہ عراقی مقاومت نے صہیونی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔
اخبار کے مطابق شام کی فضائی سرحدوں سے ڈرون طیارہ اسرائیل میں داخل ہوا اور صہیونی فوجی مرکز کو نشانہ بنایا۔
صہیونی فوج کے ریڈیو نے بھی کہا ہے کہ گولان کے جنوب میں ہونے والے حملے عراق سے ہورہے ہیں جس میں ڈرون طیارے شامی فضائی حدود عبور کرتے ہوئے اسرائیل میں گررہے ہیں۔