اجراء کی تاریخ: 22 ستمبر 2024 - 21:52

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ملک کے 6 صوبوں سے 12 صیہونی ایجنٹوں کی گرفتاری سے آگاہ کیا ہے جو ایک منظم نیٹ ورک کے تحت ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی خفیہ اداروں کے بروقت کاروائی سے ملک کے 6 صوبوں میں 12 کرائے کے عناصر اور صیہونی گماشتوں پر مشتمل ایک نیٹ ورک گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 اس سلسلے میں سپاہ پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک نوٹس جاری کر دیا ہے جس کا متن حسب ذیل ہے:

 بسم الله الرحمن الرحیم

 ایران کے عظیم اور بہادر عوام کو مطلع کیا جاتا ہے: صیہونی رجیم اور اس کے مغربی اور یورپی حامیوں بالخصوص امریکہ کی غزہ اور لبنان کے عوام کے خلاف اپنے مذموم  شیطانی اہداف کے حصول میں ناکامی کے بعد، اس جعلی اور نسل پرست رجیم کے سرغنوں نے ان دنوں اسٹریٹیجک چیلینج سے بچنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں داخل ہو کر کئی سکیورٹی خطرات اور دہشت گردانہ کاروائیوں کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا تھا۔

تاہم خدا کی مدد سے امام زمان ع کے گمنام سپاہیوں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انٹیلی جنس ادارے کی جہادی کوششوں سے 12 کرائے کے عناصر اور ایجنٹوں پر مشتمل اس گروہ کی ملک کے 6 صوبوں میں شناخت کی گئی اور ایک فیصلہ کن انٹیلی جنس کاروائی کے ذریعے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ سپاہ پاسداران انقلاب