ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تہران کے خلاف روس کو بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کا الزام سراسر جھوٹ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے  اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں تہران پر یوکرین جنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح طور پر ایران کے موقف کو دہراتا ہوں کہ ایران کی جانب سے روس کو بیلسٹک میزائل فروخت کرنے کا کوئی بھی دعویٰ سراسر جھوٹ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دیگر فریقوں کو اپنے تباہ کن موقف اور بیانات کے خلاف خبردار کرتے ہوئے یورپی یونین کو غلط معلومات پر مبنی الزامات لگانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے پابندیوں کے ناکام حربوں کے استعمال کے بارے میں مغربی ممالک کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے، کچھ مغربی فریق پابندیاں لگانے کے عادی ہیں، ایک ایسا عمل جو نہ صرف مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا، بلکہ یہ خود بھی اس مسئلے کا حصہ ہوں گے اور ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی جائے گی۔