آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے نے کہا ہے کہ ایران عالمی ادارے کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے تاہم کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی جوہری توانائی کے ادارے آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ ادارے کے تیکنیکی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

ادارے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن ناظری نے کہا کہ ایران عالمی ادارے کے ساتھ تعمیری تعاون کے اپنے موقف پر قائم ہے تاہم تہران کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام کا جواب دینے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے این پی ٹی معاہدے کے تحت عالمی ادارے کے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ تہران نے معاہدے تحت اپنی ذمہ داریوں پر تسلسل کے ساتھ عمل کیا ہے اور ایجنسی کی سخت نگرانی میں ہی اپنی جوہری فعالیت جاری رکھی ہے۔

ناظری نے مزید کہا کہ ایران مخالف پابندیوں کے مسودے کی تجویز میں تین یورپی ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے اشتعال انگیز اقدامات سے قطع نظر، ایران جامع حفاظتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے اور آئی اے ای اے کے ساتھ اپنے تعامل کو جاری رکھے گا۔