مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ نیوز چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ پانچ یورپی ممالک کے بڑے شہروں میں آج بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے جن میں لوگوں نے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے اور نسل کشی کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
الجزیرہ کے مطابق ہالینڈ، ناروے، سویڈن، فرانس اور برطانیہ میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر آگئے ہیں۔ مظاہرین نے فلسطینی جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت پر مبنی نعرے درج تھے۔
رپورٹ کے مطابق ہالینڈ میں واقع ایمسٹرڈیم یونیورسٹی میں غزہ اور فلسطین کی حمایت اور صیہونی غاصب حکومت کے جرائم کی مذمت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں۔
دوسری طرف ناروے کے عوام نے بھی آج غزہ اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے ناروے کے باشندوں نے یک زبان ہو کر نعرے لگائے: یہ جنگ نہیں، نسل کشی ہے۔ نیتن یاہو ایک دہشت گرد ہے۔
غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی رجیم کے جرائم کی مذمت میں سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں بھی ایک زبردست مظاہرہ کیا گیا۔
دوسری جانب انگلینڈ میں فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے ایک بار پھر وسطی لندن کی سڑکوں پر مظاہرہ کیا اور غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اس علاقے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
ادھر فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے مظاہروں میں فلسطینی حامی مظاہرین بھی شامل ہوئے۔ انہوں نے پوسٹرز اٹھا رکھے ہیں جن پر لکھا تھا "فلسطین زندہ رہے گا" مظاہرین نے "غزہ میں نسل کشی بند کرو" کے نعرے لگائے۔