تہران میں چینی سفیر نے کہا ہے کہ ایرانی پیداوار کی سب سے بڑی مشکل بیرونی پابندی ہے اس کے باوجود چین ایران سے مال درامد کرنا چاہتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، تہران میں تعیینات چینی سفیر زونگ پی وو نے ایرانی صوبے سمنان میں صوبائی تاجروں، صنعت کاروں اور زراعت کے پیشے سے وابستہ افراد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران اور چین کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیر غور معاہدوں کی تکمیل کے بعد چین میں ایرانی مال بڑی مقدار میں درامد کیا جاسکے گا۔ چین ایرانی مصنوعات کے لئے سب سے بڑی مارکیٹ بن سکتا ہے۔

چینی سفیر نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید اضافے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی راہداری کا قیام اور معیاری سڑکوں کی تعمیر پر توجہ دی جارہی ہے۔

پی وو نے مزید کہا کہ ایرانی مصنوعات کی پیداوار میں حائل مشکلات کی بڑی وجہ امریکہ اور یورپی ممالک کی پابندیاں ہیں۔ ان حالات میں اقتصادی استحکام بہت مشکل ہوتا ہے۔