بھارتی پارلیمنٹ کے موجودہ اور سابق اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ حزب اختلاف غزہ میں جاری اسرائیلی درندگی اور نسل کشی کو لوک سبھا میں اٹھائے اور مودی حکومت اس پر اپنا موقف واضح کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ نئی دہلی میں غزہ میں جاری صہیونی حکومت کی جارحیت اور درندگی کے بارے میں ایک کانفرنس ہوئی جس میں بھارتی پارلیمنٹ لوک سبھا کے مووجودہ اور سابق اراکین کے علاوہ دیگر اکابرین نے شرکت کی۔

شرکاء نے فلسطین کے بارے میں مودی حکومت کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی تاریخی فلسطین پالیسی سے انحراف قرار دیا اور اس پر ا ز سر نو غور کرنے کی اپیل کی۔

 کانفرنس میں مودی حکومت کی حلیف جنتا دل (یو) کے جنرل سیکرٹیری اور قومی ترجمان کے سی تیاگی نے بھی شرکت کر کے اپنی پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے حلیف بھی حکومت کے اس انسانیت مخالف فیصلہ کے مخالف ہیں۔

کانفرنس کے دوران شرکاء نے کہا کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں حزب اختلاف اس معاملے کو اٹھائے اور مودی حکومت غزہ میں جاری اسرائیلی درندگی اور نسل کشی پر اپنا موقف واضح کرے۔