غزہ میں جنگ بندی اور صہیونی یرغمالیوں کی رہائی کے سلسلے میں نتن یاہو کی پالیسیوں کے خلاف اسرائیل کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہورہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں وسیع پیمانے پر عوامی مظاہرے جاری ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صہیونی عوام نتن یاہو پر الزام لگارہے ہیں کہ انہوں نے صہیونی یرغمالیوں کو حماس کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے۔

صہیونی اخبار یدیعوت احارونوت نے کہا ہے کہ مظاہرین نے تل ابیب کی مرکزی شاہراہ ایالون کو بند کردیا ہے۔ صہیونی پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے میں مصروف ہے۔

دوسری جانب صہیونی لیبر یونین کے سربراہ ہوسٹ ڈروت نے کہا ہے کہ صہیونی معاشی اداروں میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ یہ ہڑتال نتن یاہو کابینہ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے سلسلے میں کی جانے والی کوتاہی کے خلاف ہوگی۔

دراین اثناء اسرائیل ہیوم نے کہا ہے کہ اسرائیل میں عام ہڑتال کی وجہ سے بن گوریان ائیرپورٹ بند ہوگیا ہے۔