ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ذمہ دار بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا کہ وہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی قوم کی نسل کشی اور بچوں کے قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدام کریں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان "ناصر کنانی" نے زور دے کر کہا ہے کہ مغربی کنارے کے شمال میں فلسطینی شہروں اور کیمپوں پر صہیونی فوج کا حملہ اور شہری  انفراسٹرکچر کی تباہی اس رجیم کی غزہ میں جاری نسل کشی کی نشاندہی کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا: مغربی کنارے پر صیہونی فوجی حملوں میں اضافہ اور مسجد اقصیٰ کے خلاف اشتعال انگیز منصوبوں کا عوامی انکشاف اس رجیم کے نسل پرستانہ عزائم کی واضح نشانی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں غاصب رجیم خلاف کے قتل عام کے خلاف فلسطینی قوم اور مزاحمتی گروہوں کے بہادرانہ موقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ذمہ دار بین الاقوامی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا کہ وہ غاصب رجیم کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی قوم کی نسل کشی سے روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدام کرے۔