مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صہیونی ٹی وی چینل 12 نے اپنی ایک رپورٹ میں تاکید کی ہے کہ امریکی پلان کے مطابق فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کے دوران سب سے پہلے خواتین کو رہا کیا جائے گا اور ہر صیہونی قیدی کے بدلے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔
اس رپورٹ میں تاکید کی گئی ہے کہ فلسطینی قیدیوں کی فہرست میں 47 نام شامل ہیں جو قبل ازیں شالیط معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کے دوران رہا ہوئے تھے تاہم دوبارہ گرفتار کر لیے گئے تھے۔
مذکورہ صیہونی چینل نے انکشاف کیا ہے کہ مجوزہ امریکی پلان تل ابیب کے بیشتر مطالبات کا احاطہ کرتا ہے، لیکن فلاڈیلفیا اور نتساریم کے موضوع پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔
یاد رہے کہ جمعرات اور جمعہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے مقصد سے فلسطینی اور صیہونی فریقوں کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے ایک اور دور کے انعقاد کا مشاہدہ کیا گیا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔
اس سے قبل عبرانی اخبار "اسرائیل ہیوم" نے ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا تھا کہ نیتن یاہو نے قیدیوں کے تبادلے کے بعد حماس کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے جو بائیڈن انتظامیہ سے تحریری ضمانت کی درخواست کی ہے۔