مہر خبررساں ایجنسی نے قاہرہ 24 کے حوالے سے بتایا ہے کہ مصر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ملک کے وزیر خارجہ بدر عبدالعطی کی ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی کے ساتھ خطے کی موجودہ صورت حال کے بارے میں ٹیلی فونک بات چیت سے آگاہ کیا۔
مصری وزارت خارجہ کے ترجمان احمد ابو زید نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ٹیلی فونک رابطہ خطے میں کشیدگی پر قابو پانے کے لئے تمام بااثر علاقائی اور بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق باقری اور عبدالعطی نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے مصر کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس بیان کے مطابق، عبدالعطی نے اس بات پر زور دیا کہ مصر فلسطینی قوم کے انسانی مصائب کے خاتمے کے لیے کوئی کوشش ترک نہیں کرے گا اور عالمی برادری نے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر دستخط کی ضرورت کو پہلے سے زیادہ سنجیدہ لیا ہے۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی عبوری وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران مصری وزیر خارجہ نے موجودہ جنگ کے دائرہ کار میں توسیع کے خطرات کو روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ایرانی ہم منصب کو خطے کے ممالک کے ساتھ مصر کے رابطوں سے آگاہ کیا۔
مصری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ٹیلی فونک گفتگو کے دوران باقری کنی نے غزہ میں جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کے حوالے سے مصر کی موجودہ کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تسلسل پر توجہ دینے کی کوشش کے مقصد سے خطے میں استحکام کے حصول پر بھی زور دیا۔