صہیونی میڈیا نے خبر دی ہے کہ 63 فیصد اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے کے لیے جنگ بندی معاہدے سے اتفاق کرتے ہیں، جب کہ صرف 12 فیصد اس معاہدے کے خلاف ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 کے سروے کے مطابق 63 فیصد اسرائیلی غزہ میں مزاحمت کے زیر حراست قیدیوں کی رہائی کے لئے معاہدے کے حق میں ہیں جب کہ صرف 12 فیصد اس معاہدے کے خلاف ہیں۔

اس سروے کے مطابق دائیں بازو کے 53% اسرائیلی قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حق میں ہیں جب کہ ان میں سے 19% اس معاہدے کے خلاف ہیں۔

اس صہیونی چینل نے اپنے سروے میں یہ بھی بتایا ہے کہ 53 فیصد دائیں بازو کے لوگوں سمیت 67 فیصد اسرائیلیوں کا خیال ہے کہ نیتن یاہو کی کابینہ میں وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کی کارکردگی خراب تھی۔

یہ رائے شماری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان مصر اور قطر کی ثالثی اور امریکہ کی شرکت سے غزہ میں جنگ بندی کے قیام اور فریقین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لئے جاری مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں۔ 

یہ مذاکرات جمعرات اور جمعہ کو قطر کے شہر دوحہ میں ہوئے تاہم قاہرہ میں جاری رہیں گے۔