جنیوا میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے بحرینی نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے پاس تخفیف اسلحہ کانفرنس سمیت اقوام متحدہ کے کسی بھی ادارے کی صدارت کے لیے ضروری اہلیت اور قانونی حیثیت نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کے اجلاس میں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ سے وابستہ تنظیم کی صدارت کے لیے بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں اور موجودہ بین الاقوامی اجتماعی انتظامات کی پاسداری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی حکومت کے سفیر کی طرف سے اقوام متحدہ کے چارٹر کو دنیا کی آنکھوں کے سامنے پھاڑنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ حکومت اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر یقین نہیں رکھتی اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال پر پابندی لگانے والے کسی بھی بین الاقوامی معاہدوں میں اسرائیل کی عدم رکنیت اور اس طرح کے ہتھیاروں کی مسلسل تیاری اور استعمال کا خطرہ واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ اسرائیلی حکومت اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ سمیت بین الاقوامی ادارے کی قیادت کے لیے ضروری کم سے کم اہلیت اور معیار پر بھی پورا نہیں اترتی۔

جنیوا میں ایرانی سفیر نے اسرائیلی حکومت کے غیر قانونی قیام سے لے کر اب تک کے جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اسرائیل نے غزہ میں چالیس ہزار سے زائد افراد کا قتل عام کیا ہے جن میں سے کم از کم دو تہائی خواتین اور معصوم بچے ہیں۔

بحرینی نے کہا کہ جان بوجھ کر عام شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانا جن میں ہسپتال، اسکول اور عبادت گاہیں شامل ہیں، جنگی جرائم کی واضح مثالیں ہیں۔ فاقہ کشی، آبادی کی جبری نقل مکانی اور غزہ میں سفید فاسفورس جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم ہیں اور صیہونی حکام کو ان جرائم کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔

ایرانی سفیر نے شہید اسماعیل ہنیہ کے بزدلانہ قتل کو اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کی خلاف ورزی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری نے اس اسکول میں پناہ لینے والے 100 سے زیادہ بے گھر افراد کے بارے میں جان لیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی رجیم عدم استحکام کی اصل وجہ اور بین الاقوامی سلامتی کی سب سے بڑی دشمن ہے۔

ایرانی مندوب نے تخفیف اسلحہ کانفرنس کے اجلاس میں مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کثیرالجہتی پر کاربند ملک ہونے کے ناطے، فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے جواز پر یقین نہ کرنے کی اپنی اصولی پالیسی کے مطابق تمام بین الاقوامی اداروں اور تخفیف اسلحہ کانفرنس سمیت کسی بھی فورم میں اسرائیلی رجیم کی صدارت کو تسلیم نہیں کرتا اور اس کانفرنس کی اسرائیل کی صدارت کے دور میں وہ کسی بھی میٹنگ میں شرکت نہیں کرے گا۔