غزہ میں اسکول پر صہیونی حکومت کے بہیمانہ حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ میں تابعین اسکول پر صہیونی حکومت کے جارحانہ حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیاسی ذرائع نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الدرج میں اسکول پر صہیونی حکومت کے بہیمانہ حملے کے بعد سیکورٹی کونسل کا اعلی سطحی اجلاس بلانا ضروری ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہنگامی اجلاس الجزائر کی درخواست پر بلایا گیا ہے جوکہ منگل کے روز منعقد ہوگا۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں غزہ میں نماز فجر کے وقت صہیونی حکومت نے اسکول پر حملہ کیا تھا جس میں فلسطینی پناہ گزین مقیم تھے۔

امریکی سی این این کے مطابق اسکول پر حملے میں امریکی اسلحہ استعمال ہوا ہے۔ صہیونی فوج نے امریکی ہتھیار GBU-39 استعمال کیا تھا۔

حملے میں 150 سے زائد فلسطینی شہید اور اس سے کہیں زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔