ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کے ضلع دشتیاری کے ڈپٹی کمشنر علی رافت نے مہر نیوز کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ملحقہ سرحد پر زائرین کے لئے سفری انتظامات مکمل ہیں لہذا آج سے زائرین بارڈر کی طرف سفر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ایران میں زائرین کے ٹرانسپورٹ کا مکمل انتظام نہیں ہے لہذا زائرین مشکلات سے بچنے کے لئے خود بسوں کا انتظام کرکے تشریف لائیں۔ زائرین کا وقار مجروح ہونے سے بچنے کے لئے اسلامی جمہوری ایران نے ٹرانسپورٹ کا انتظام زائرین اور سالار کے سپرد کردیا ہے۔
علی رافت نے سرحد پر زائرین کے لئے سہولیات کے حوالے سے کہا کہ گذشتہ کی نسبت اس سال سہولیات میں اضافہ کیا ہے۔ کچھ سائبان بڑھادیے ہیں۔ پاسپورٹ روم کو ائیرکنڈیشن کی سہولیات سے مجہز کیا گیا ہے۔ زائرین کے لئے 750 میٹر کا ہال تعمیر کیا گیا ہے تاکہ زائرین استراحت کرسکیں۔
گذشتہ سال دشتیار کے عوام نے زائرین کے حمل و نقل میں تعاون کیا تھا۔ اس سال بھی عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ گذشتہ سال ریمدان میں پانی کی قلت کی شکایت تھی اس سال اس مشکل کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں کہا کہ کرنسی تبدیل کرنے والوں اور ایرانی موبائل سم خریدنے والوں کے لئے بعض افراد کو لائسنس جاری کی گئی ہے۔