مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کی آمد کے ساتھ مختلف ممالک اور علاقوں سے زائرین حسینی کربلائے معلی کی طرف حرکت کررہے ہیں۔
پاکستانی زائرین زمینی سفر کے دوران دو سرحدی بارڈر کراس کرکے ایران سے ہوکر عراق میں داخل ہوتے ہیں۔
صوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع دونوں بارڈرز پر زائرین کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
لوکل گورنمنٹ کے شعبہ دیہات و قصبے کے سربراہ ادھم کرد بابلی نے کہا ہے کہ اس سال بھی پاکستان سے آنے والے زائرین اربعین کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے لوکل گورنمنٹ نے ریمدان بارڈر پر زائرین کے لئے تمام بنیادی سہولیات فراہم کردی ہیں۔
بابلی نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام ہر سال کی طرح اس سال بھی زائرین کا شاندار استقبال اور بہترین میزبانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ریمدان اور میرجاوہ بارڈر سے مجموعی طور پر 89 ہزار 821 زائرین ایران میں داخل ہوئے تھے۔ اس سال اس تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین عراق جاتے ہوئے سیستان و بلوچستان میں 300 سے 600 کلومیٹر سفر کریں گے۔ اس دوران زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔