پاکستان نے تہران میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان کے اہل خانہ اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتا ہے جن میں ایسے ماورائے عدالت قتل بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور اس کی تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں ایک خطرناک اضافہ ہے، ایسی کارروائی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد غیر ملکی معززین نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب ایران کے دارالحکومت تہران میں حماس کے رہنماء اسماعیل ہانیہ کو محافظ سمیت قاتلانہ حملے میں شہید کیا گیا۔ اسماعیل ہنیہ حملے کے وقت ایران میں نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے مقیم تھے۔