مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ کے نائب سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی اور صدر منتخب ہونے پر ان کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر صدر پزشکیان نے کہا کہ حزب اللہ کے بہادر جوانوں نے غاصب صہیونی حکومت کا دلیری اور جرائتمندی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ ایران مقاومتی محاذ کی حمایت کو اپنی شرعی وظیفہ سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی حمایت کے تحت صہیونی حکومت نے غزہ میں فلسطینی عوام پر جو مظالم ڈھائے ہیں، ان سے انسانیت کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ اگر مسلمان ممالک اور اقوام پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے فرامین پر عمل کرکے اتحاد کا مظاہرہ کرتے تو آج صہیونی حکومت کو غزہ میں جارحیت کی جرائت نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت مسلمان ممالک کے ساتھ تعلقات اور تعاون میں توسیع کو اپنی خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح قرار دیتی ہے۔
ملاقات کے دوران حزب اللہ کے اعلی رہنما نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران صدر پزشکیان کی قابلیت اور توانائی کے بل بوتے مزید ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ خود کو امام خمینی اور انقلاب اسلامی کی مرہون منت قرار دیتی ہے اور انقلاب اسلامی کے اہداف کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔